Headlines

    شاہد آفریدی سے نفرت کا اظہار،سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا برہم، بھارتیوں کے رد عمل پر افسردگی کا اظہار

    اسلام آباد (این این آئی)عالمگیر وبا کورونا کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صحت کے حوالے سے نفرت انگیز جملے اور تبصرے شیئر کرنے والے بھارتیوں پر سابق بھارتی اوپننگ بیٹسمین آکاش چوپڑا نے اظہار برہمی کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جہاں دنیا بھر کی معروف شخصیات شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کے حوالے سے دعا گو ہیں وہیں بھارتی صارفین اپنی نفرت انگیزی کو یہاں بھی استعمال کرتے نظر آئے۔بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے اخلاقیات کو پس پشت ڈال کر شاہد آفریدی کے ٹوئٹ پر رد عمل دیا، صارفین شاہد آفریدی ے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر کو خوش کن قرار دے رہے تھے تو کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اب آفریدی کو اپنی جان بچانے کیلئے بھارت سے وینٹیلٹرز منگوانے پڑیں گے۔متعصب بھارتی صارفین یہ بھی کہتے دکھائی دیئے کہ کورونا ہی شاہد آفریدی کو ان کے کئے کی سزا دے سکتا ہے اور سبق سکھا سکتا ہے۔بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تعصب پسند بھارتیوں کو جواب دیا اور بھارتیوں کے اس ردعمل پر افسردگی کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ کیا واقعی ہم سنجیدہ ہیں، کیا نزاکت اور انسانیت ماضی کی چیزیں ہوچکی ہیں؟آکاش چوپڑا کے اس ٹوئٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتیوں کے ایسے رویے پر وہ خود بھی شرمندہ ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے انکی صحت یابی سے متعلق دعائیں کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔ کورونا وائرس میں مبتلا شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر پیغام میں لکھا کہ انہیں لوگوں کے پیغامات مل رہے ہیں جو ان کے لئے دعائیں کر رہے ہیں، وہ تمام افراد کے مشکور ہیں۔شاہد آفریدی نے لکھا کہ لوگ اس مشکل وقت میں مدد کے منتظر افراد کی تلاش اور ان کا خیال جاری رکھیں۔واضح رہے کہ 13 جون کو شاہد آفریدی نے اپنے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق سوشل میڈیا پر کی تھی۔پاکستان میں لاک ڈائون کے دوران شاہد آفریدی نے ملک کے مختلف شہروں میں ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم جاری رکھی ہوئی تھی۔