لاہور (اعتماد ٹی وی) وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن تحریک انصاف حکومت کو گرانے کی کوششیں چھوڑے، ایک سال رہ گیا ہے، اگلے الیکشن کی تیاری کرے۔ تحریکِ عدم اعتماد ڈھیلی ڈھالی اور ڈانواں ڈول ہے، خرید و فروخت کا کارڈ چلانے والوں کو کچھ نہیں ملے گا۔ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان مزید چیلنج ثابت ہوں گے اور مزید مضبوط ہوں گے۔ عمران خان جرأت سے سارے کھیل کا مقابلہ کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے خبردار کیا کہ جو اتحادی عمران خان کو چھوڑے گا وہ غلط فیصلہ کرے گا۔ سیاست میں خرید و فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گی، عمران خان نے پتے چھاتی سے لگا کر رکھے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات چیت کرنا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا سارے مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں، انہیں ایک خوف اکٹھا کر رہا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں، شیخ رشید نے کہا پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کو اجازت دے رہے ہیں، لانگ مارچ کے شرکاء قانون ہاتھ میں نہ لیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ادارے منتخب حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، ضمیر فروش کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہو گی، عمران خان بچے نہیں ہیں، وہ 25 سال سے اس کھیل میں ہیں، وہ سیاسی ڈرون حملہ کریں گے، ایسا سیاسی ڈرون ماریں گے کہ یہ سیاسی طور پر نابود ہو جائیں گے۔