وفاقی حکومت نے مفتی منیب الرحمن کو رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹادیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ، مفتی منیب کی جگہ مولانا عبد الخیر آزاد کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا۔ عبد الخیر آزاد اب تک لاہور کی مشہور بادشاہی مسجد کے خطیب تھے۔
یہ پیش رفت 19 رکنی کمیٹی میں ایک بڑے ردوبدل کے حصے کے طور پر سامنے آئی ہے۔ کمیٹی میں سپرکو ، سائنس اینڈ ٹکنالوجی کی وزارت اور میٹ آفس کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔
مفتی منیب الرحمن ایک طویل عرصے سے رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی کر رہے تھے۔ تاہم اکثر چاند دیکھنے کے اعلان پر تنازعہ کھڑا ہوتا تھا۔
مفتی منیب الرحمن کی زیرقیادت کمیٹی اس معاملے پر سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چوہدری کے ساتھ معاملات طے کررہی تھی۔ فواد چوہدری نے بار بار کمیٹی کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔