دیسی کشتی کی تاریخ میں سب سے وزنی پہلوان کا اعزاز رمزی پہلوان کو حاصل تھا۔ ان کا وزن 14 من کے قریب تھا، قد ساڑھے چھ فٹ کے قریب تھا اور ان کو رستمِ ہند کے نام سے پکارا جاتا تھا۔
انیسوی صدی میں ان کے نام کا برِصغیر میں ایسا چرچا تھا کہ شہنشاہِ برطانیہ جب بھی ہندوستان آتے تو رمزی پہلوان کی کشتی لازمی دیکھا کرتے تھے۔
دیسی کشتیوں اور برصغیر کے مسلمان پہلوانوں کے محقق اور سینئر صحافی شاہد نظیر چودھری بتاتے ہیں کہ رمزی پہلوان کی ایک یادگار کشتی کا حوالہ برٹش لائبریریوں میں موجود ہے۔شاہد نظیر کا کہنا ہے کہ رمزی پہلوان پر تحقیق کے دوران 20 برس قبل ان کی ملاقات رمزی پہلوان کے خاندان سے تعلق رکھنے والے نعیم بٹ کے ساتھ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوئی تھی۔ انہوں نے رمزی پہلوان کا اندرکھا اور لنگوٹھ سنبھال رکھا تھا۔لنگوٹھ اور اندرکھا اتنا بڑا تھا کہ عام انسان اس کو دیکھ کر وہم میں مبتلا ہو جاتا کہ کوئی انسان کیسے اتنا بھاری برکم ہوسکتا ہے۔