انجیر کو جنت کا پھل کہا گیا ہے، انجیر کا شمار عام اور مشہور پھلوں میں ہوتا ہے، انجیر کمزور اور دبلے پتلے لوگوں کے لیے بیش بہا مفید ہے یہ جسم کو فربہ اور چہرے کو سرخ و سپید بناتا ہے۔ انجیر دوسرے پھلوں کی نسبت ایک نازک پھل ہے اور پکنے کے بعد خود بہ خود ہی گر جاتا ہے اور اسے دوسرے دن تک محفوظ کرنا بھی ممکن نہیں رہتا۔
اگر انجیر کو فریج میں رکھا جائے تو یہ شام تک پھٹ جاتا ہے، اسے استعمال کرنے کے لیے خشک کرنا پڑتا ہے، انجیر کوخشک کرنے کے لیے سب سے پہلے اسے گندھک کی دھونی دی جاتی ہے تاکہ یہ جراثیم سے پاک ہو جائے اور آخر میں نمک کے پانی میں ڈبوتے ہیں تاکہ سوکھنے کے بعد نرم و ملائم انجیر کھانے میں خوش ذائقہ ہو جائے۔
عرب ممالک میں انجیر کو بہت پسند کیا جاتا ہے، انجیر ہمارے ہاں بھی دستیاب ہے۔ انجیر کے اندر پروٹین، معدنی اجزاء شکر، کیلشیم، فاسفورس پائے جاتے ہیں، دونوں انجیر یعنی خشک اور تر میں وٹامن اے اور سی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔