بمبئ/ لاہور (اعتماد نیوز ڈیسک) صحافی عروسہ عالم نے کیپٹن امریندر سنگھ اور اپنے تعلق پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی دوستی کو معاشقہ قرار دینا بہت غلط ہے ۔ خیال رہے کہ بھارتی پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کی پاکستانی خاتون دوست عروسہ عالم سے متعلق ہنگامہ مچا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عروسہ عالم پر آئی ایس آئی ایجنٹ ہونے کے الزام لگائے جا رہے ہیں۔ اس کی صفائی میں کیپٹن امریندر سنگھ نے گزشتہ روز عروسہ عالم کی بھارت کی کئی مشہور سیاسی شخصیات کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
اس کے بعد عروسہ عالم بھی ایک انٹرویو میں کیپٹن امریندر سنگھ کا بچائو کرتے ہوئے مخالفین پر شدید تنقید کرتی ہوئی نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ کیپٹن امریندر سنگھ نے مجھے اس پوری دنیا میں اپنا دوست بنانے کے لئے منتخب کیا، ہمارا ذہنی اور آئی کیو لیول ایک جیسا ہے‘۔