بلوچستان کے علاقے لور الائی کے قریب ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور میجر سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لورا لائی کے قریب دہشتگردوں نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیا، دہشتگرد حملے میں نائیک شریف شہید جبکہ میجر قاسم اور ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔بلوچستان کے علاقے لور الائی کے قریب ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور میجر سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی جوانوں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی جس میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
بزدلانہ کارروائیاں فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں: شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید نے لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید نائیک شریف کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے، دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا تھا جبکہ فائرنگ کے مقابلے میں ایک جوان شہید بھی ہو گیا تھا۔