کراچی (اعتماد ٹی وی) کرپشن اور نااہلیت وہ خرابیاں ہیں جو پاکستان کے سرکاری اداروں میں بری طرح سرائیت کرچکی ہیں۔ کوئی شعبہ زندگی ان خرابیوں سے خالی نہیں۔ تازہ ترین خبر ٹریفک پولیس کی سامنے آئی ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جمع کی گئی سرکاری چالان کی رقم نجی کمپنی کے اکاؤنٹ میں جمع ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔
اس حوالے سے حاصل تفصیلات کے مطابق پولیس چالان کی تمام رقم نجی کمپنی اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرتی ہے اور ہرچالان پر کمپنی 20 روپے اضافی وصول کرتی ہے جس کے بعد کمپنی منافع اور سروس چارجز کٹوتی کرکے رقم سرکار کو ادا کرتی ہے۔
ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں یومیہ 10 ہزار سے زائد چالان کیے جاتے ہیں،سال 2021 ء کے دوران کراچی میں 39 لاکھ 33 ہزار 200 چالان کیے گئے۔ اس کے علاوہ نجی کمپنی نے کمیشن کی مد میں 7 کروڑ 86 لاکھ 65 ہزار سے زائد وصول کئے ہیں۔ نجی کمپنی سے ٹریفک جرمانوں کی وصولی کا 10 سالہ معاہدہ 2015 ء میں کیا گیا تھا۔