حکومت نے نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے درجہ اول صارفین کے قرضوں کے دورانیے اور مارک اپ سبسڈی میں ترامیم کردی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے قرضوں پر شرح سود میں کمی کا سرکلر جاری کردیا جس کے مطابق 1 سے 5 سال کے قرضوں پر شرح سود 3 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دی، 6سے 10 سال تک کے قرضوں پر شرح سود 5 فیصد سے کم کرکے 4 فیصد کر دی، 11 سے 15 سال کے نیفڈا کے ہاؤسنگ لونز 5 فیصد شرح سود پر ملیں گے جبکہ 15 سے 20 سال کے ہاؤسنگ لونز پر شرح سود کائبور پلس 2.5 فیصد ہوگی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ میرا گھر میرا پاکستان اسکیم کے تحت اب تک بینکوں کو 276 ارب کی درخواستیں مل چکی ہیں اور بینک اب تک 117 ارب روپے کے قرضے جاری کرچکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے 17 اپریل 2019 کو پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پروگرام کا افتتاح کیا تھا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ایک شروعات ہے، ہم ملک بھر میں مختلف جگہوں پر اسکیمیں شروع کریں گے اور عوام کے لیے آسان سے آسان طریقہ ڈھونڈیں گے گھر بنانے کا۔