لاہور (اعتماد ٹی) حکومت پٹرول، ڈیزل سمیت تمام ایندھن مہنگا کرتی چلی جارہی ہے اور ساتھ میں دعویٰ کرتی ہے کہ عام آدمی متاثر نہیں ہوگا تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔ تمام ضروری اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اور اب پاکستان ریلوے بھی کرائے بڑھانے کا سوچ رہی ہے۔
مہنگی پٹرولیم مصنوعات کی وجہ سے اپنے اخراجات کو قابو کرنے کے لئے پاکستان ریلوے مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے کرائے 15 فیصد تک بڑھانے جارہی ہے۔ 15 فروری کو وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا تھا جس کا اطلاق 16 فروری سے ہوچکا ہے۔
ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی روشنی میں ریل کے کرایوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافہ ممکن ہے تاہم حتمی فیصلہ وزارت ریلوے کرے گی۔ آخری بار ریلوے نے ٹرین کے کرایوں میں یکم نومبر کو اضافہ کیا تھا۔ مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جبکہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں پانچ فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔