وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کے یورپ اور امریکا کے ساتھ قریبی تعلقات بھی اپنی جگہ رہیں گے، کسی کی خواہش پر اپنے تعلقات ختم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزاد خارجہ پالیسی میں توازن قائم رکھنا ہے، دیکھیں گے کہ ہمارا مفاد کس میں ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اگلا دورہ یورپ کا ہے۔ وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پچھلے آٹھ دس مہینوں میں پاک روس گیس پائپ لائن منصوبے میں کافی تیزی آئی ہے۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاخیر کی وجہ ایم او یو کا اسٹرکچر اور کچھ کمپنیز پر ہمارے اعتراضات تھے جو دور کرلیے گئے ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ اُمید ہے اس سال کے آخر تک منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ روس دنیا کا 40 فیصد گندم پیدا کرتا ہے جب کہ سب سے زیادہ گیس روس کے پاس ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ روسی نائب وزیراعظم توانائی کے معاملات بھی دیکھتے ہیں جس سے متعلق معاملات پر گفتگو ہو رہی ہے۔