ایک صدی قبل 20 ستمبر 1916 کو لاہور کے ایک نواحی گاؤں میں ایک بچہ پیدا ہوا جو اپنے گھر میں سب سے چھوٹا تھا اور پڑھنے لکھنے کا بہت شوقین تھا۔ گاؤں میں سکول نہ ہونے کی وجہ سے وہ ڈیڑھ میل دور سکول جانے لگا۔ مڈل کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کر کے وظیفہ حاصل کیا اور لاہور مزید تعلیم حاصل کرنے کے لئے آگیا۔
پڑھائی کے اخراجات پورے کرنے کے لئے گاؤں سے صبح سویرے دودھ لا کر شہر میں بیچتا اور اپنی تعلیم کے اخراجات اُٹھاتا۔ غربت کے باوجود کبھی دودھ میں ملاوٹ نہ کی۔ 1935 میں میٹرک میں نمایاں پوزیشن حاصل کی اور گورنمنٹ اسلامیہ کالج میں داخلہ لیا۔
1939 میں بی اے آنرز کیا۔ کیونکہ اس کو قانونی تعلیم میں دلچسپی تھی اس لئے 1946 میں ایل ایل بی کا امتحان پاس کیا۔ 1950 میں عملی طور پر اس شعبے کو اپنایا۔ خدمت خلق کےجذبے سے سرشار ہوکر اپنے علاقے میں ایک سکول بنوایا۔ 1965 میں مغربی پاکستان کی طرف سے الیکشن میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔ پیپلز پارٹی کے نعرے روٹی، کپڑا اور مکان سے متاثر ہو کر اس میں شمولیت اختیار کی۔