ںارووال (اعتماد ٹی وی) کرتاپور راہداری نے بھارت سمیت دنیا بھر کے سکھوں کو ایسی خوشی دی ہے جس کی مثال دنیا میں ملنا مشکل ہے۔ کرتارپور راہداری سے سکھوں کو نہ صرف اپنے گرو کی سمادھی پر آنے کا موقع ملتا ہے بلکہ یہ راہداری بچھڑے ہوئے خاندانوں کو ملانے کا بھی ذریعہ بن رہی ہے۔
کرتارپور راہداری نے پاکستان اور بھارت کے ایک خاندان کے بچھڑے ہوئے افراد کو 74 سال بعد پھر سے ملا دیا۔
پاکستان کے شہر ننکانہ صاحب کے رہائشی شاہد رفیق نے اپنے خاندان کے افراد سے ملاقات کی، جو کہ بھارت کے ضلع امرتسر کے رہائشی تھے اور 74 سال قبل قیام پاکستان کے وقت ایک دوسرے سے جدا ہو گئے تھے۔
شاہد رفیق نے اپنی کزن اور پھوپھی کے ساتھ دوبارہ ملاقات کی اور بتایا کہ دو سال پہلے وہ اپنی کزن اور پھوپھی کو سوشل میڈیا کے ذریعے ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئے۔ اس کے بعد رابطے بڑھے اور اب کرتارپور راہداری پر دونوں خاندانوں کے افراد کی ملاقات ہوگئی۔