قسمت مہربان ہوتو پھیری والا بھی راک اسٹارجیسی مقبولیت حاصل کرلیتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ایک مونگ پھلی بیچنے والے بھوبن کے ساتھ جوگلی گلی گھوم کرمونگ پھلی بیچتا تھا جسے اس کے علاقے میں ’کچا بادام ‘ کہا جاتا ہے۔
آج کل سوشل میڈیا پر ہر خاص و عام ایک گانے ’کچا بادام‘ پر ڈانس کرتا ہوا نظر آرہا ہے اور یہ تقریباً ہر سوشل میڈیا فورم پر وائرل ہوگیا ہے۔بھوبن کا گانا’کچا بادام‘ گا کرمونگ پھلی بیچنے کا منفرد انداز سوشل میڈیا پرآیا تودیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ کیا بچے کیا بڑے سب ’کچا بادام‘ گنگناتے اورگاتے نظرآتے ہیں۔
مغربی بنگال میں کرلجورری گاؤں کے رہائشی بھوبن بدیاکر نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ اتنے اہم لوگوں نے میرے گانے کو پسند کیا اور ایسے مزید گانے چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے گانا ہٹ ہونے کے بعد کا اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ابھی کلکتہ گیا تھا اور یہ میر اس شہر کا دوسرا دورہ تھا۔ وہاں ملنے والی محبت اور تعریفوں سے میری آنکھوں میں آنسو آگئے۔‘ ’سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اب میں صرف ایک مونگ پھلی بیچنے والا نہیں ہوں۔‘
بھوبن کا گانا اب ریمکس ہوکر آچکا ہے اور ان کا گلوکار بننے کا خواب بھی اب پورا ہوگیا ہے۔ بھوبن کہتے ہیں جوانی میں وہ ایک گانے والے گروپ کے ساتھ گھوما پھرا کرتے لیکن پھر فکر معاش کے سبب انہیں گانے کے شوق کو نظرانداز کرنا پڑا۔