اعتماد ٹی وی: پاکستان کو روس اور یوکرین دونوں عالمی بلاکس کے درمیان غیر جانبدار قراردینے والے وزیراعظم عمران خان روس کے دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کا یہ دورہ شروع ہونے سے پہلے ہی نہ صرف بے وقت ہوگیا ہے بلکہ عالمی کشیدگی اور شدید بحران کے گرداب میں گم ہوگیا ہے۔
وزیراعظم کے دورہ روس سے پاکستان کیلئے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ خود روس کے صدر پیوٹن اور ان کے مشیران و معاونین کی تمام تر توجہ وزیراعظم عمران خان کے دورے پر نہیں بلکہ یوکرین کی صورتحال اور امریکی پابندیوں اور فوجی تیاریوں پر مرکوز ہوگی جبکہ امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور مذاکرات منسوخ کر کے روس کے خلاف اپنی جانب سے سخت معاشی پابندیاں اور فوجی نقل و حرکت کرنے والے امریکا میں بھی وزیراعظم کے دورہ روس کو اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جائے گا۔
پھر امریکا میں انتہائی موثر بھارتی اور اسرائیلی لابی پاکستان کے خلاف اپنا کام بھی کریگی اور بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کو چاہئے تھا کہ غیر جانبداری کے بیان کے بعد کسی مہذب جواز کے ساتھ اپنا دورہ ماسکو ملتوی کردیتے اور روسی صدر کو یوکرین بحران میں مصروفیت کا حوالہ دیکر نیا وقت اور تاریخ مانگ لیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔