وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پرویز الٰہی کے نام پر راضی نہیں ہے، پرویز الٰہی کے بطور وزیراعلیٰ نام کی تجویز نواز شریف کے سامنے رکھی جائے گی اور اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 11 رکن قومی اسمبلی اس وقت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ رابطے میں ہیں اور یہ ارکان (ق) لیگ کے ذریعے ہی آگے چلیں گے۔ اور پیپلزپارٹی بھی بعض ارکان اسمبلی کےساتھ رابطوں میں ہے، 25 ارکان قومی اسمبلی اپوزیشن اور (ق) لیگ سے رابطے میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کی تجویز ہے کہ مرکز میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ پرویز الہٰی کو دی جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن کی تین بڑی سیاسی جماعتوں نے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو تحریک عدم اعتماد لانے کا حتمی لائحہ عمل طے کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں ن لیگ، پی پی پی اور جے یو آئی ف کے تین تین رہنما شامل ہوں گے۔