لاہور (اعتماد ٹی وی) اپوزیشن جماعتیں تحریک انصاف حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گرانے کی سرتوڑ کوشش کررہی ہے اور اس حوالے سے سیاسی ملاقاتیں جاری ہیں۔
مسلم لیگ ق نے ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں اپوزیشن سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ مانگ لی ہے جسے بڑی پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق کے قائدین، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے رابطہ ہوا۔ چوہدری برادران نے آصف زرداری پر واضح کردیا ہے کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سے کم پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا۔
رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق کی قیادت نے اپوزیشن کو پنجاب اور مرکز میں ان ہاؤس تبدیلی کی یقینی کامیابی کی ضمانت دے دی ہے۔ جس کے تحت مسلم لیگ ق مرکز میں مکمل طور پر اپوزیشن کی حمایت کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق نے فوری نئے انتخابات کی مخالفت کر دی ہے۔ ق لیگ کا مؤقف ہے کہ ضروری ہو تو قومی اسمبلی کے انتخابات کروا دئیے جائیں۔ مسلم لیگ ق نے شرط رکھی ہے کہ صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری ہونی چاہیے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آصف علی زرداری نے ق لیگ کی شرائط سے ن لیگ کو آگاہ کر دیا ہے، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے قائدین نے اہم رہنماؤں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔