کراچی (اعتماد ٹی وی) پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبہ سندھ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔ مہم کا باقاعدہ آغاز پیر سے کراچی سمیت صوبے بھر میں ہوگا۔
صوبے کے 30 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً ایک کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم میں 70,000 انسداد پولیو ورکرز اور 10,000 انسداد پولیو سپروائزر شامل ہوں گے۔ مہم اگلے مہینے کی 6 تاریخ تک چلے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے زور دیا ہے کہ والدین آگے آئیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں اور ساتھ ہی انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے انسداد پولیو آگاہی مہم میں میڈیا سے تعاون بھی طلب کیا۔