اعتماد نیوز ڈیسک؛ لاہور: شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت مزید 13روپے اضافے سے306روپے ،زندہ برائلر مرغی کی قیمت 9روپے اضافے سے211روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت بھی مزید 2 روپے اضافے سے177روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجرانکے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کے سلیب اور فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مدمیں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں ہر طبقہ شدید پریشانی سے دوچارہے،
حکومت اپنی آمدن میں اضافے کیلئے عوام کی گردن پر انگوٹھا رکھنے کی پالیسی کو ترک کرے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ہر ماہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا معمول بنا لیا ہے اور اضافہ بھی روپے میں کیا جاتاہے ، پہلے تو حکومت کو کم کرنے کی توفیق نہیں ہوتی اور اگرکبھی سالوں پر یاد آیا جائے تو قیمتوں میں چند پیسے کمی کی جاتی ہے
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید پہلے ہی ختم ہو چکی ہے اور اوپر سے مہنگائی کے بم برسائے جارہے ہیں۔مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ٹیکسز کی صورت میں اپنے منافع میں کمی کرے۔ بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے پیداواری لاگت بڑھنے سے ضرورت کی ہر شے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔