اسلام آباد (اعتماد نیوز ڈیسک) وزیر خزانہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ناکامی کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مذاکرات کے سلسلے میں سیکرٹری خزانہ واشنگٹن میں موجود ہیں،معیشت میں بہتری آرہی ہے ، تھوڑا وقت دیں ۔ ایک انٹرویومیں شوکت ترین نے کہا کہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں اور مذاکرات کی ناکامی کا تاثر غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے سلسلے میں سیکرٹری خزانہ واشنگٹن میں موجود ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت میں بہتری آ رہی ہے، تھوڑا وقت دیں۔اس سے پہلے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے بھی کہا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات جاری ہیں مگر اس سلسلے میں کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین کے بطور وزیرخزانہ 6 ماہ کے عرصے میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر خزانہ 6 ماہ کی مدت مکمل ہوگئی ہے اور اس عرصے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق 6 ماہ کے عرصے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 210 روپے 5 پیسے مہنگا ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں اوسط 3 روپے 23 پیسے اضافہ ہوا، گھی کی قیمت 6 ماہ میں فی کلو 46 روپے 73 پیسے بڑھی، مٹن 101 روپے7 پیسے، بیف 62 روپے 2 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔