لاہور (اعتماد نیوز ڈیسک) فلورملز مالکان نے حکومت کو ہڑتال کیلئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طاہرحنیف نے کہا کہ گندم کا کوٹا جاری نہ ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے، پیر تک اگر گندم کا مطلوبہ کوٹہ جاری نہ کیا تو ہڑتال شروع کردیں گے، حکومت 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت کا دوبارہ تعین کرے۔
تفصیلات کے مطابق، فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طاہرحنیف نے گندم کی اجرائی پالیسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ آٹے کا بحران ختم کرنے کیلئے دیگر اضلاع سے 25 فیصد گندم کا کوٹا اٹھانے کی شرط کو ختم کرے، گندم کا کوٹا جاری نہ ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندم کے کوٹے سمیت دیگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو فلور ملز سرکاری کوٹے سے گندم اٹھائے گی اور نہ ہی کوئی معاہدے کرے گی۔ پیر تک اگر گندم کا مطلوبہ کوٹہ جاری نہ کیا تو منگل سے ہڑتال شروع کردیں گے۔