بھارت نے ابرارالحق کے گانے کاپی کرنے کی ڈبل ہیٹرک بنا لی ۔
سیالکوٹ (اعتماد ٹی وی) کے بھنگڑا کنگ ابرارالحق نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا کہ میں نے اپنے گانے کسی کو بھی نہیں بیچے نہ اس کا کوئی لائسنس دیا ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل میرے گانوں کی چوری کی جار ہی ہے جس میں موجودہ گانے کا چھٹا نمبر ہے۔
اب تک میرے 6 گانے بھارت نے چوری کئے ہیں اور میرے پاس اس کے مالکانہ حقوق موجود ہیں میں کورٹ کے ذریعے ہرجانے کا حق رکھتا ہوں۔ بھارت کے نامور ڈائریکٹر جیسے کہ کرن جوہر ان کو اپنا معیار بنانا چاہیے اور میرے گانے نقل نہیں کرنے چاہیے۔ جس پر بھارت کے مووی باکس کی جانب سے اس کی تردید کی گئی ہے۔
مووی باکس نے ابرارالحق کے ٹوئٹ کے بعد کہا کہ ہم نے اس گانے کے حقوق حاصل کئے ہیں اور پھر فلمایا ہے۔ دھرما موویز کے پاس اس کے جائز حقوق ہیں جو کہ ٹی سیریز کے ذریعے حاصل کئے گئے ہیں۔
ابرارالحق سے قبل حدیقہ کیانی نے بھی ایسا ہی دعویٰ کیا تھا کہ ان کا گانا بوہے باریاں کو بھی متعدد بار نقل کیا گیا ہے جس پر انھوں نے بھی تنقید کی تھی۔