حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ جنہیں غریب نواز کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ پیر کے روز 14 رجب 536 ہجری کو خراستان و سیستان کے قصبہ خنجر میں پیدا ہوئے۔ آپؒ نجیب الطریفین یعنی جدی حسنی و حسینی ہیں۔ آپ ؒ کا شجرہ نسب خلیفہ چہارم اور داماد رسولؐ امیر المومنین حضرت علی سے ملتا ہے۔ چودہ برس کی عمر میں آپؒ کی والدہ اور پندرہ برس کی عمر میں آپؒ کے والد دنیا سے رحلت فرما گئے۔
مجذوبِ وقت حضرت ابراہیم قندوضیؒ کے ایک لقمے نے آپ کے دل کی دنیا بدل دی، حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ اجمیری نے مقتدائے زمانہ ہستیوں سے علم دین حاصل کیا۔ جن میں علم قرآن، علم حدیث، علم تفسیر، علم فکر، علم منطق اور علم فلسفہ شامل ہیں۔
ان علوم کے لئے انہوں نے اپنے آبائی شہر کو چھوڑ کر سمر قند کا رُخ کیا۔ وہاں آپؒ نے حفظ قرآن سے شروعات کی اس کے بعد کاملِ مرشد کی تلاش میں آپ عجم کی طرف گئے جہاں آپؒ کونشا پور کے قصبے ہارون میں حضرت خواجہ عثمان ہارونیؒ سے ملے، اور اُن کے دست حق پر بیعت کی۔ آپؒ کے پیر ومرشد حضرت خواجہ عثمان ہارونیؒ آپ سے بہت محبت رکھتے تھے انہوں نے آپ ؒ کو امیر کے تبرک سے نوازا۔