گرگٹ جو قدم قدم پر اپنا رنگ تبدیل کر لیتا ہے۔ اس کی دو مختلف موٹی موٹی آنکھیں بیک وقت نہ صرف مختلف چیزیں دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں بلکہ ان پر پوری توجہ بھی دے سکتی ہیں۔گرگٹ عام طور پر گرم علاقے کا باسی ہے جوجو جنگلوں، صحراؤں اور گرم رہائشی علاقوں میں رہنا پسند کرتا ہے۔ امریکن ریاستوں کیلیفورنیا اور فلوریڈا میں اسے گھر یلو جانور کے طور پر بھی پالا جاتا ہے۔ یہ ایک بے ضرر مخلوق ہے اور کسی قسم کا کوئی بھی زہریلا اثر نہیں رکھتی۔ اگر یہ کاٹ بھی لے تو اتنی ہی تکلیف محسوس ہوتی ہے جتنی کہ ایک مچھر کے کاٹنے سے محسوس کی جاتی ہے۔
اس کی سب سے بڑی انفرادیت جو اسے دیگر حشرات الارض کے مقابلے میں ممتاز کرتی ہے وہ اس کا لمحوں میں رنگ بدلنا ہے۔ جس میں گلابی، سرخ، اورنج، سبز، کالا، بھورا، ہلکا نیلا، پیلا اور جامنی رنگ شامل ہیں۔ بسا اوقات یہ مختلف رنگوں کی چادر اوڑھ کر ہر نگاہِ حسن شناس کے لئے تسکین کا سبب بنتا ہے۔
مادہ گرگٹ کے رنگ نر کے مقابلے میں قدرے مدھم ہوتے ہیں۔