لندن (اعتماد نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے سابق مقرب خاص جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ان کا لندن کا دورہ نجی مقاصد کیلئے ہے اور اس دورے کا مقصد سیاسی جوڑ توڑ نہیں ہے۔روزنامہ جنگ میں مرتضیٰ علی کی خبر کے مطابق جہانگیر ترین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سے اپنے ملاقاتوں کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ وہ میڈیکل چیک اپ اور دوسری مصروفیات کی وجہ سے 2 ہفتے کیلئے لندن آئے ہیں، میرے ذہن میں اس دوران کسی سیاسی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، میں یہاں اپنے ڈاکٹروں، دوستوں اور ساتھیوں سے ملاقاتیں کروں گا لیکن ذاتی طورپر۔ ایک سال قبل بھی جب جہانگیر ترین لندن پہنچے تھے تو یہ قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں کہ وہ شریف فیملی سے ملاقات کریں گے لیکن دونوں جانب سے اس کی تردید کی گئی تھی اور ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔
آپ کو بتاتے چلے کہ الیکشن میں عمران خان کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ نبھانے والے ساتھی جہانگیر ترین اب پس منظر ہو گئے اور واضح طور پر عمران خان کے ساتھ نظر نہیں آتے۔