لاہور (اعتماد نیوز ڈیسک) نامور کالم نگار محمد عرفان صدیقی اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں ایک قابل وکیل ہوں اور قانون کی باریکیوں سےپوری طرح سے واقف ہوں، میں ایک بہترین مقرر بھی ہوں اورمجھ میں کسی بھی موضوع کی حمایت میں بہترین جبکہ مخالفت میں اس سے بھی بہترین دلائل دینے کی صلاحیت موجودہے، میں سیاست کی اونچ نیچ سے بھی واقف ہوں اور کئی سیاسی جماعتوں میں رہ کر ان کی اچھائیوں سے زیادہ ان کی برائیوں کو جان چکا ہوں اور سونے پہ سہاگہ میرا تعلق صحافت کے ایک قبیلہ اینکرنگ سے بھی رہ چکا ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ مجھے سیاست کا منجھا ہوا کھلاڑی سمجھتے ہیں،
اگر کرکٹ کی اصلاح استعمال کی جائےاور مجھے سیاست کا آل رائونڈر کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، کئی سیاسی جماعتوں میں متحرک رہنے کے بعد میں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جس نے اپنے بیانیے کی بدولت ہی عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی اور بیانیہ بھی ایسا انقلابی جسے غریب عوام کے لئے سبز باغ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
اپنے کپتان کے ساتھ جہاں درجنوں پارٹی لیڈروں نے بیانیے کو پھیلایا وہیں میں نے بھی اس بیانیے کو عوام کے دل و دماغ تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کیا، اس بیانیے کے ذریعے ہم نے پاکستان میں دو جماعتی نظام کا خاتمہ کیا، اور عوام کو بتایا گیا کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی باری باری اقتدار میں آکر عوام کو لوٹتی ہیں،